کراچی(خلیج نیوز) حوالہ ہنڈی کے ذریعے عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی نے ڈی جی احمد اسحاق جہانگیر کی ہدایت پر گرومندر کے علاقے میں جنیدی نامی ٹریول ایجنسی کے دفتر پر چھاپا مارا گیا، جہاں سے حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم عبدالجبار کو گرفتار کرلیا۔ترجمان کے مطابق ملزم ٹریول ایجنسی کی آڑ میں غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا۔ ملزم عمرہ زائرین کی ہوٹل بکنگ، ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی ادائیگیاں بھی حوالہ ہنڈی کے ذریعے کرتا تھا۔خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی کارروائی کے دوران ملزم سے 63 لاکھ 80 ہزار سے زائد پاکستانی روپے برآمد کیے گئے۔ اس کے علاوہ ملزم سے 6355 امریکی ڈالر اور 176250 عراقی دینار بھی برآمد ہوئے۔ حکام نے ملزم کے موبائل فون سے سعودی عرب رقوم منتقل کرنے کے پیغامات بھی برآمد کرلیے۔ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہیں کر سکا۔ حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔