اسلام آباد (خلیج نیوز)یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن میں گزشتہ دو سال کے دوران بڑی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 2021 اور 2022 کے دوران بے ضابطگیوں سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔دونوں برسوں کے دوران لاہور کا زونل آفس اہداف حاصل نہ کرسکا، اس کے نتیجے میں کارپوریشن کو 2 ارب 30 کروڑ روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن اور ٹریڈنگ کارپوریشن کے درمیان درآمدی چینی کی خریداری کا معاہدہ ہوا تھا،درآمد شدہ شکر کے معاملات میں بے ضابطگی سے ایک ارب 4 کروڑ روپے کا نقصان ہوا،معاہدے کے تحت یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کو درآمد شدہ ایک لاکھ میٹرک ٹن شکر خریدنی تھی۔ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپویشن آف پاکستان لیٹر آف کریڈٹ کھلنے سے پہلے مطلوبہ رقم ادا کرنے میں ناکام رہی۔ مارک اپ میں اضافے سے ادارے کو ایک ارب چار کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔پیسکو اور یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے درمیان ڈیڑھ لاکھ میٹرک ٹن گندم پیسنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن نے نے گندم کی پسائی اور نقل و حمل کی مد میں 48 کروڑ 59 لاکھ روپے اضافی ادا کئے۔ مارچ 2023 میں وزیراعظم کی شروع کی ہوئی مفت آٹا سکیم عدم شفافیت کی نذر ہوگئی۔ اسلام آباد کے 4 لاکھ 57 ہزار سے زائد گھرانوں میں 10 کلو آٹے کے تھیلے تقسیم کیے گئے تاہم صارفین کا ریکارڈ مرتب کیا گیا اور نہ ہی متعلقہ حکام کو تفصیلات فراہم کی گئیں۔