اسلام آبا د(خلیج نیوز)بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے بجلی صارفین پر 47 ارب روپے کا مزید اضافی بوجھ ڈالنے کے لیے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں درخوست دائر کردی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیپرا میں درخواست دائر کی گئی ہے، درخواست میں اپریل تا جون 2024کی سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ میں اضافہ مانگا گیا ہے۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے نیپرا میں کیپسٹی چارجز کی مد میں 22 ارب 86 کروڑ روپے وّصولی کی درخواست دائر کی گئی ہے۔نیپرا میں دائر درخواست میں سسٹم کے استعمال کے چارجز کی مد میں 7 ارب 51 کروڑ روپے اور نقصانات کی مد میں10 ارب 80 کروڑ روپے مانگے گئے ہیں۔نیپرا بجلی کمپنیوں کی درخواست پر 26 اگست کو سماعت کرے گی اور اگر نیپرا کی جانب سے یہ درخواست منظور کرلی جاتی ہے تو بجلی صارفین پر 47 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔