انٹرنیٹ کا گلا گھونٹ دیا تاکہ بانی پی ٹی آئی کا نام نہ چلے،عمر ایوب



اسلام آباد (خلیج نیوز)قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کا گلا گھونٹ دیا تاکہ بانی پی ٹی آئی کا نام نہ چلے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ سست انٹرنیٹ پر جواب دیا گیا کہ 28 اگست تک انٹرنیٹ اسپیڈ ٹھیک ہو جائے گی، آئی ٹی کمیٹی میں غلط بیانی کی گئی، اب بتایا جارہا ہے کہ انٹرنیٹ ویب سسٹم انسٹال کیا جا رہا ہے۔عمر ایوب نے بلوچستان کے حالات پر اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے بارے میں آپ کہتے ہیں کوئی مسئلہ نہیں ہے، کوئٹہ پریس کلب میں پابندی کیوں لگائی گئی ہے، بلوچستان میں مایوسی پھیل رہی ہے جو کہ خوفناک بات ہے۔

عمر ایوب نے کہا کہ قائمہ کمیٹی انفارمیشن ٹیکنالوجی میں کئی افسران نہیں آئے، افسران نے کہا کہ ہماری میٹنگ ہے، کیا یہ بہانے کریں گے، قومی اسمبلی کی رِٹ کو قائم کریں۔بعد ازاں پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب نے کہا کہ ہم نے فلور پر یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے حق میں آواز بلند کی، بانی پی ٹی آئی کے جیل میں حقوق کا مسئلہ اٹھایا، آئی ٹی کے مسئلے پر بات کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دو ایکٹیوسٹس کو اٹھایا گیا، ان کے بارے میں بات کی، کے پی کے میں جو سیلاب آیا ہوا ہے اس پر بات کی، احسن اقبال نے ضروری مسائل پر بات نہیں کی، جب یہ لوگ جیل میں تھے وہاں بونے لگتے تھے، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس نے رانا ثناء اللّٰہ پر کیس بنایا تھا۔


مزید خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Khaleej Islamabad. All Rights Reserved | Privacy Policy | DMCA