واپڈا ایتھلیٹ اولمپین ارشد ندیم کے اعزاز میں واپڈا ہائوس میں تقریب،50لاکھ روپے کا کیش ایوارڈ دیا گیا



لاہور (خلیج نیوز) واپڈا نے پیرس اولمپکس2024میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کو50لاکھ روپے کا انعام دیدیا۔ چیئرمین واپڈا اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے سرپرستِ اعلی انجینئرلیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ )سجاد غنی نے واپڈا ہایوس لاہور میں ارشد ندیم کے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب میں انہیں کیش ایوارڈدیا۔ واپڈا کے نوح دستگیرکو بھی ازبکستان میں ہونے والے سٹرانگ مین گیمز2024میں گولڈ میڈل جیتنے پر نقد انعام دیا گیا جبکہ سائوتھ افریقہ میں ہونے والے کلاسک پاور لفٹنگ چمپئن شپ میں گولد میڈلز حاصل کرنے والی تین بہنوں سائبل سہیل،ویرونیکا سہیل اور ٹوئنکل سہیل کو بھی کیش ایوارڈز دیئے گئے۔

تقریب میں واپڈا کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد، ممبر فنانس، ممبر واٹر، ممبر پاور، سیکٹری واپڈا/جنرل منیجر(ایڈمن)اور واپڈا سپورٹس بورڈ کے پریزیڈنٹ بھی شریک ہوئے۔پاکستان کے لیے ایتھلیکٹس میں پہلا گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد یتے ہوئے چیئرمین واپڈانے کہا کہ ارشد ندیم نے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔ قوموں کی ترقی میں کھیلوں کا اہم کردار ہے، اسی لیے واپڈا پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لئے نصف صدی سے کلیدی کردار ادا کررہا ہے۔واپڈا کے کھلاڑی بین الاقوامی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ملک کا نام روشن کر رہے ہیں۔

واپڈا کھلاڑیوں نے گزشتہ دو سالوں میں کامن ویلتھ گیمز، اسلامک سالیڈیریٹی گیمز اور ایشین گیمز سمیت مختلف بین الاقوامی چمپئن شپ میں انفرادی اور ٹیم کی سطح پر 44گولڈ میڈلز،15سلور اور 22برانز میڈلز جیتے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ارشد ندیم نے پروقار تقریب کے انعقاد پر واپڈا سپورٹس بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود کے لئے اٹھائے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوے ارشد ندیم نے کہا کہ واپڈا سپورٹس بورڈ نے نہ صرف انہیں بلکہ دیگر سینکڑوں کھلاڑیوں کو بھی ملک بھر میں روزگار کے مواقع اور ٹریننگ کی سہولیات فراہم کی ہیں۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ واپڈا سپورٹس بورڈ کے مختلف یونٹوں میں ایک ہزار 950کے لگ بھگ کھلاڑی اور آفیشلز وابستہ ہیں۔ واپڈا کی مختلف کھیلوں میں 66ٹیمیں ہیں جن میں 36مرداور30خواتین کی ٹیمیں شامل ہیں۔اس وقت واپڈا36کھیلوں میں قومی چمپئن اور21میں رنرز اپ ہے۔


مزید خبریں

تمام اشاعت کے جملہ حقوق بحق ادارہ محفوظ ہیں۔
Copyright © 2024 Khaleej Islamabad. All Rights Reserved | Privacy Policy | DMCA