اسلام آباد (خلیج نیوز) بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پائونڈ ریفرنس کی کارروائی روکنے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی۔تفصیلات کے مطابق
بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 190 ملین پائونڈ ریفرنس کی کارروائی روکنے کیلئے متفرق درخواست دائر کر دی،بیرسٹر سلمان صفدر اور خالد یوسف چوہدری کے توسط سے دائر درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور پراسیکیوٹر جنرل کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں نیب کے 343ویں ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کے ریکارڈ کی فراہمی کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپریل 2020 کی نیب ایگزیکٹو بورڈ کی میٹنگ میں کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ کے 12اگست کا آرڈر اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا اور کہا کہ تفتیشی افسر نے بیان دیا کہ نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ میں کیس بند کرنے کی منظوری دی گئی، ٹرائل کورٹ نے ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ طلب کرنے کی درخواست مسترد کی تھی۔درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نیب کی ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ پیش نہ کیا گیا تو بانی پی ٹی آئی کے دفاع میں بھاری نقصان ہو گا، تفتیشی افسر نے جرح کے دوران نیب کی 343 ویں بورڈ میٹنگ سے متعلق کچھ باتوں کا اعتراف کیا، ضروری ہے کہ نیب کی 343ویں بورڈ میٹنگ کا ریکارڈ ٹرائل کورٹ کے سامنے رکھا جائے۔